ویب ڈیسک : این ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔
16تا 22 اپریل مغربی ہواوں کے زیر اثر ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش, آندھی اور جھکڑ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں برف باری، لینڈسلائیڈ، اور بلوچستان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔ جس کے مطابق دریائے کابل، سوات اورپنجکوڑہ میں سیلاب کا امکان ہے، دریائے کابل میں سیلابی صورتحال کے باعث یکاگوند، نوشہرہ، چارسدہ، پبی، شبقدار، جمرود، پشاور کے علاقے متاثر ہونے کاخدشہ ہے، اس کے علاوہ دریائے پنجکوڑہ میں ظغیانی کے باعث اتمنخیل، دیر، منڈا،شرینگل، تیمگرہ اور واری کے علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ دریائے سوات میں ممکنہ سیلاب کے باعث چار باغ،بحرین، بابوزئی، مٹا،بری کوٹ اور دیگر نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔
بارش اور سیلابی صورتحال کے باعث نشیبی علاقوں میں طیغانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ بارش کے ساتھ آندھی اور جھکڑ کے باعث کھڑی فصلوں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر تعمیرات کو بھی نقصان کا اندیشہ ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عوام الناس سے گزارش ہے کہ بلا ضرورت خطرے سے دوچار علاقوں کیجانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ بجلی کے کھمبوں، خستہ حال عمارتوں اور پلوں سے دور رہیں۔ بارش کے دوران ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کریں۔