ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 13 واں اجلاس طلب کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں کابینہ نے کو کچے کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی، اس حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کچے کے علاقے میں جاری آپریشن کے بارے میں بریف کیا۔کابینہ نے کچے کے علاقے میں جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کیا۔
اجلاس میں پنجاب کابینہ نے کچا آپریشن کے اخراجات کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی۔ کابینہ کے مطابق کچے کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے بعد پائیدار پلان کے تحت انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں کابینہ نے وزیراعظم پاکستان اور پنجاب حکومت کے تاریخ ساز مفت آٹا پیکیج پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ اس پیکیج کے تحت حق دار کو اس کا حق دیا گیا ہے۔صوبائی وزراء، انتظامی و پولیس افسران اور عملے نے دن رات محنت کرکے مفت آٹا پیکیج کو کامیاب بنایا۔پوری مشینری نے ایک ٹیم ورک کے طور پر ڈلیور کیا جس پر میں شاباش دیتا ہوں۔
اجلاس میں پنجاب کابینہ نے صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کارکردگی کی بھرپور تعریف کی، جبکہ آر پی اوز، کمشنرز، سی پی اوز ، ڈپٹی کمشنرز ، ڈی پی اوز اور دیگر محکموں کے سٹاف کی کارکردگی کی تعریف بھی کی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چینی کی سمگلنگ روکنے اور قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے تمام ضروری انتظامی اقدامات اٹھانے کا حکم دیا، اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے خارجی راستوں کی سخت نگرانی جاری رکھی جائے۔چینی کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے۔
اجلاس میں صوبائی مشیر کھیل وہاب ریاض نے رمضان المبارک سپورٹس سیریز کے تحت کھیلوں کے مقابلے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک سپورٹس سیریز کے تحت تمام ٹورنامنٹ سپانسرڈ تھے، حکومت نے سرکاری فنڈز استعمال نہیں کئے۔جس پر کابینہ نے وہاب ریاض اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
اجلاس میں کابینہ کو تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے کرانے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔محسن نقوی نے کہا کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔بہت جلد تحصیل سے لے کر صوبائی سطح تک مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔
اجلاس میں پنجاب کابینہ نے گلگت بلتستان کی حکومت سے معاہدہ کرنے کی منظوری دے دی، اس حوالے سے کہا گیا کہ پنجاب حکومت لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن میں گلگت بلتستان حکومت سے تعاون کرے گی ۔
اجلاس میں پنجاب کابینہ نے چلڈرن ہسپتال کی نئی سکیموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2022-23 میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔چلڈرن ہسپتال اینڈ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز لاہور میں ایڈوانس پیڈیاٹرک ریڈیو تھراپی یونٹ کے قیام کیلئے اراضی مختص کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔اس کے علاوہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے زیر انتظام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔جس کے مطابق راولپنڈی،گوجرانوالہ، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتالوں کے نام تبدیل کئے جائیں گے، جبکہ گورنمنٹ غلام محمد آباد ہسپتال فیصل آباد کا نام بھی تبدیل ہوگا۔
اجلاس میں سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی فنڈ کے قیام کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ سنڈیمن صوبائی ہسپتال کوئٹہ میں میڈیکل اینڈ سرجیکل ٹاور کی فزیبلٹی سٹڈی اور ماسٹر پلاننگ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب سے کرانے کی منظوری بھی دے دی گئی۔
اجلاس میں کچا آپریشن کے دوران کشمور میں شہید ہونے والے ایس ایچ او کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔
واضح رہے کہ اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔