(جنید ریاض)سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے طلبا کے ب فارم کے اندراج کے لئےڈیڈ لائن میں 30 اپریل تک توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے تمام سرکاروں سکولوں کے طلبا کے لئےب فارم کی شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے لیے پندرہ اپریل آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق اب تک 90 فیصد سے زائد طلبا کی جانب سے ب فارم جمع کروائے جا چکے ہیں۔ تاہم سو فیصد ٹارگٹ کے حصول کے لئےمحکمہ سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ڈیڈلائن میں 30 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے سکول انفارمیشن سسٹم کو اپ ڈیٹ کردیا ہے، ورژن اپ ڈیٹ ہونے سے مستقبل میں اب سرکاری سکول میں کوئی بھی بچہ (ب) فارم کے اندراج کے بغیر داخل نہیں ہوگا، محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام اتھارٹیز کو (ب) فارم کی شرط کا پابند کردیا ہے۔
(ب) فارم کے بغیر داخلے کی صورت میں طلبا کی ذمہ داری متعلقہ سربراہ پر عائد ہوگی، ، نیا ورژن فائیو پوائنٹ تھری ٹو کے نام سے اپ لوڈ کیا گیا ہے، اساتذہ نیا ورژن گوگل پلے سٹور سے ڈاون لوڈ کرسکیں گے۔ نئے ورژن میں اساتذہ کو اپنے پروفائل تک مکمل رسائی حاصل ہوگی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز اساتذہ کے پروفائلز کو ایڈیٹ کرسکیں گی، اس سے قبل ایجوکیشن اتھارٹی کو پروفائل میں غلطیاں درست کرنے کا اختیار حاصل نہیں تھا۔
قبل ازیں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے سکول سربراہان کو ب فارم کے اندارج کے لئے مہلت میں ایک ماہ کی توسیع دی تھی جبکہ بعد ازاں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے طلباء کا ب فارم نہ ہونے کی وجہ سے نام خارج کرنے کا نوٹس لیا ہے، اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ اگر کسی بھی طالب علم کو ب فارم نہ ہونے کی وجہ سے نام خارج کرنے والے ہیڈٹیچرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، سی ای او ایجوکیشن پرویز اخترخان کا کہنا ہے کہ طلباء کی عزت نفس مجروح نہیں ہونے دیں گے.