قیصر کھوکھر : پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد سول سیکرٹریٹ کی رونقیں بحال ہو گئیں۔تمام محکموں کے سیکرٹریز نے دفاتر کھول لئے۔
پنجاب کے تمام محکموں کے سیکرٹریز آج پنجاب حکومت کے حکم پر اپنے اپنے دفاتر پہنچے اور معمول کے کام نمٹائے۔ سیکرٹریز کیساتھ ساتھ ان کا ماتحت عملہ بھی دفاتر میں موجود رہا۔ یہ سیکرٹری لاک ڈائون میں دفاتر کی جزوی بندش ختم ہونے کے بعد دفتر آنا شروع ہو ئے ہیں۔ ہر محکمے کے ایڈمن سٹاف کو روزانہ کی بنیاد پر سول سیکرٹریٹ بلایا جاتا ہے جبکہ خواتین سٹاف کو چھٹی دی گئی ہےاوردیگر سٹاف گھروں سے آن لائن کام کرتا ہے۔
کئی افسران اب بھی دفترنہیں آتے اور گھر سے ہی بذریعہ ٹیلی فون دفتری امور نمٹارہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے تمام سیکرٹریزکو ہدایت کی تھی کہ وہ دفترپہنچیں اور ضروری ماتحت عملے کو بھی اپنی صوابدید پر بلوا لیں۔ جس پر سول سیکرٹریٹ کی رونقیں لوٹ آئی ہیں۔
یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے بچائو کیلئے کیے گئے لاک ڈائون میں نرمی لاتے ہوئے کسانوں کو گندم کی کٹائی کی اجازت دی تھی ،لاک ڈاون میں کاروباری حضرات کو دکانیں کھولنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے ،وفاقی حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے کو لاک ڈاون میں ریلیف دینےکیلئےتعمیراتی شعبہ کھول دیا گیا,تعمیراتی شعبے سے منسلک بجری، ریت، سیمنٹ، سریے اور اینٹیں فروخت کرنے والوں نے بھی دکانیں کھول لیں, دکانوں پر کام کرنیوالوں کاکہناتھاکہ انہیں 22 روزبعدمزدوری ملی ہے، جس پر وہ خوش ہیں اور حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ اس شعبے کو مزید ریلیف دیا جائے۔
وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کی منظوری سے سرکاری دفاتر کھولنے کی بھی اجازت دی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرکاری دفاتر کھو لنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔اب یہ دفاتر روزانہ کھلیں گے اور معمول کے مطابق شہریوں کے کام بھی نمٹائے جائیں گے۔