قذافی بٹ :وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت تاجروں کی مشکلات کم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے گلاس انڈسٹری سے وابستہ تاجروں کے وفد نے ملاقات کی ہے، اسلم اقبال کہتے ہیں کہ تعمیراتی سیکٹر کے کھلنے سے اس سے وابستہ بہت سی دیگر صنعتیں بھی کھل جائینگی۔
وفد کی قیادت صدرلاہورگلاس ایسوسی ایشن محمود الحسن خان کررہے تھے۔ وفد نےصوبائی وزیرصنعت اسلم اقبال کو لاک ڈاؤن سے پیدا ہونیوالی صورتحال اورتاجروں کوپیش آنیوالی مشکلات سےآگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل سے آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے دیہاڑی داراورمزدوربےحد مشکلات کا شکار ہو ئےہیں، انکی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔
اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ تعمیراتی سیکٹر کو کھول دیا گیا ہے، جس سے شیشہ کی صنعت بھی کھل گئی ہے، مزدور اوردیہاڑی دار طبقہ کیلئےروزگارکےمواقع پیداہوں گےاوران کی مشکلات کم ہونگی۔ محمودالحسن کا کہناتھاکہ گلاس انڈسٹری سےبڑی تعداد میں ڈیلی ویجرز کاروزگاروابستہ ہے ، لاک ڈاؤن کے باعث ڈیلی ویجرز کیلئے مشکلات اورانڈسٹری مسائل کا شکار ہوئی ہے ۔
یاد رہے پاکستان میں لاک ڈائون ہے،اس لاک ڈائون کو 25 روز گزر چکے ہیں ،اب مزید 2 ہفتوں کیلئے اسے بڑھا دیا گیا ہے،اس لاک ڈائون کی وجہ سے تمام طبقات پریشان ہیں ،سب سے زیادہ متاثر ہ تاجر برادری اور دیہاڑی دار طبقہ ہے،لاکھوں افراد اپنا روز گار کھو چکے ہیں ،پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 107ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5996 تک پہنچ گئی۔ملک میں ہونے والی 107 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبر پختونخوا میں 38، سندھ میں 35، پنجاب میں 28 ، بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔