سٹی 42: پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی بحرانوں میں گھرے پاکستان کیلئے طلوع سحر ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز شریک ہوئے، اجلاس میں وطن واپسی پر قائد محمد نوازشریف کا تاریخی استقبال کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے 21 اکتوبر کو پارٹی قائد اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ کے اعلان کا خیرمقدم کیا، لیگی رہنماﺅں، سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے نواز شریف کے حق میں دھواں دھار تقریریں کیں اور قائد نواز شریف کی آمد پر بھرپور جوش وجذبے کا اظہار کیا۔
اجلاس میں مریم نوازشریف نے کہا کہ محمد نوازشریف کی واپسی بحرانوں کی سیاہ تاریک رات میں گھرے پاکستان کے لئے طلوع سَحَر ہے، پاکستان کا بیٹا ایک بار پھر قوم اور وطن کو مشکلات سے نکالنے میں تاریخی کردار ادا کرنے آرہا ہے،نوازشریف اپنے ریلیف کے لئے نہیں بلکہ قوم کو مہنگائی، معاشی بدحالی اور لاقانونیت کی تکلیف سے نجات دلانے آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو انتقام نہیں، اتحاد، امن،معاشی ترقی ، غریبوں کو مہنگائی سے نجات کا ایجنڈا چاہیے،عوام نوازشریف کو دوتہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں ، وعدہ ہے معاشی بدحالی ، مہنگائی ، بے روزگاری کے سیاہ اندھیرے ہمیشہ کے لئے ختم کردیں گے،پارٹی راہنماﺅں اور کارکنان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ تین دفعہ عوام نے محمد نوازشریف پر اعتماد کیا، انہیں وزیراعظم بنا کر ملک کی خدمت کا موقع دیا،نوازشریف نے عوام سے کئے ہر وعدے کو پورا کیا، نواز شریف ہمیشہ عوام کے اعتماد پر پورا اترا اور ہر بار ملک کو بدترین بحرانوں سے نکالا، اِن شاءاللہ ہم پھر نکالیں گے،ہر غم سہہ کر بھی نوازشریف کی ترجیح آج بھی عوام اور ملک کی ترقی وخوش حالی ہے،ملک کو انتقام نہیں، اتحاد، امن،معاشی ترقی ، غریبوں کو مہنگائی سے نجات کا ایجنڈا چاہیے ، نوازشریف اسی ایجنڈے پر کام کریں گے۔
سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ محمد نوازشریف کو ہمیشہ بحرانوں، طوفانوں اور خساروں میں گھرا ملک ملا، اللہ تعالی پر کامل بھروسے، محنت اور خلوص نیت سے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ طوفانوں کا منہ پھیرا ہے، نئی امید دی ہے اور پاکستان اور عوام کو ریلیف دیا ہے، یہ وہی نوازشریف ہے جس نے 2013 میں جب ملک سنبھالاتھا تو لوڈشیڈنگ ،دہشت گردی اور معاشی بدحالی قوم کا لہو بہا رہی تھی، پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر نوازشریف نے متحد کیا۔
مریم نواز نے مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 6.1 فیصد ہے، پورے خطے میں پاکستان سب سے تیز ترین معاشی ترقی کررہا تھا،نوازشریف ایک بار پھر قوم اور ملک کو اِن بحرانوں سے نکالیں گے، عوام چالبازوں، فراڈیوں، جھوٹوں اور توشہ چوروں کے پراپگنڈے سے ہوشیار رہیں،عوام نوازشریف کو دوتہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں تاکہ پاکستان سے معاشی بدحالی ، مہنگائی ، بے روزگاری کے سیاہ اندھیرے ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی کے کرم اور پارٹی کی ماضی کی شاندار کاکردگی کی بنیاد پر پورے ایمان کے ساتھ یہ یقین دلاتی ہوں پاکستان اور عوام کے اچھے دِن آنے والے ہیں،عوام انتخابات میں شیر پر نشان لگائیں،یہ نشان شیر پر نہیں، آپ اپنی محرومیوں، معاشی بدحالی کے خاتمے اور مہنگائی میں کمی پر لگائیں گے، عوام نوازشریف کو واضح مینڈیٹ دیں، ہم عوام کو مہنگائی میں واضح کمی کرکے دکھائیں گے، عوام واضح سوچ کے ساتھ اپنے ووٹ کی طاقت کے ساتھ فیصلہ کریں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ نوازشریف عوام کے معاشی دُکھ دور کردیں گے، مہنگے بجلی کے بلوں سے آپ کو نجات دلائیں گے،ایک وعدہ عوام پورا کرے، دوسرے وعدے سچ کردکھانے کی ذمہ داری ہم لیتے ہیں،21 اکتوبر پاکستان کی سیاسی وجمہوری تاریخ کا ایک روشن باب بنے گا۔ پاکستان کو ترقی کا گہوارہ بنانا ہے،ہم سب نے تاریخی جذبے سے کام کرنا ہے۔