رضوان نقوی: اینٹی کرپشن میں تعینات بدعنوان افسروں کی چھٹی کرانے کا وقت قریب آگیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے انٹیلی جنس بیورو سے اینٹی کرپشن کے افسروں کی خفیہ رپورٹ مانگ لی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انٹیلی جنس بیورو سے اینٹی کرپشن کے افسروں کی خفیہ رپورٹ مانگ لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس بیورو کی ٹیم نے محکمہ اینٹی کرپشن کے افسروں کے ٹیلی فون نمبرز، قومی شناختی کارڈ نمبرز سمیت دیگر ریکارڈ مرتب کرنا شروع کردیا ہے۔
آئی بی کی ٹیم نے اینٹی کرپشن لاہور ریجن کے دفترکا دورہ کر کے اینٹی کرپشن کے افسروں کی تفصیلات اکٹھی کیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن میں باربار تعینات ہونے اور بری شہرت رکھنے والے افسروں و عملہ کا ریکارڈ مرتب کیا جارہاہے۔ اینٹی کرپشن کے سرکل افسروں، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز کی ساکھ کے حوالے سے بھی تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں۔
اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹرز سمیت تمام اہم آسامیوں پر تعینات افسروں و عملہ کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جارہا ہے، ذرائع آمدن کے برعکس پرتعیش زندگی گزارنے والے اینٹی کرپشن کے افسروں کی تفصیلات اور ساکھ سے متعلق تفصیلی رپورٹ مرتب کر کے وزیراعلیٰ کو بھجوائی جائے گی۔