سٹی42: گورنر ہاؤس پشاور میں تاجروں اور میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ڈالر کے نیچے آنے سے 4 ہزار ارب روپےکا قرضہ کم ہوگیا، بہت جلد پیٹرول کی نئی قیمت آئےگی۔
پشاور میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خیبر پختونخواہ سے متعلق امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا، عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار پشاور آنے پر گورنر , نگران وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزراء نےوزیراعظم کو خوش آمدید کہا۔
وزیراعظم کو خیبر پختونخواہ کی امن و امان کی تازہ صورت حال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ، وزیراعظم کو صوبے کو درپیش مالی مسائل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا.
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آئی ہے،اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام میں پاک فوج کی جانب سے فراہم کی گئی مدد لائق تحسین ہے ،اسمگلنگ اور کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا ،پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو واپس بھیجا جا رہا ہے، تاہم یہ خیال رکھا جائے کہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اس حوالے سے کوئی دشواری نہ ہو ،امن و امان اور سیکورٹی کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو مضبوط کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ،دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے خیبر پختونخواہ پولیس اور انتظامیہ کی کوششیں قابل تعریف ہیں ،ہم کبھی اجازت نہیں دینگے کہ کوئی تنظیم یا جتھہ ہتھیار اٹھا لے اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرے ،پولیس کو جدید آلات سے لیس کیا جائے تا کہ دہشت گردی کے عفریت سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے ،وفاقی حکومت خیبر پختونخواہ حکومت کو ہر ممکن سہولیات اور وسائل فراہم کرے گی ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج اور پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں ،پوری قوم سیکورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ کھڑی ہے ۔
نگران وزیر اعظم کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے کوشاں ہیں ،وزیراعظم کی خیبر پختونخواہ کو درپیش مالی اور دیگر مسائل حل کرانے کی یقین دہانی ، صوبے اور نوضم شدہ اضلاع کے مسائل کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی ،اجلاس میں گورنر خیبر پختونخواہ حاجی غلام علی, نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ اعظم خان , نگران صوبائی وزراء سید مسعود شاہ, بیرسٹر فیروز جمال , جسٹس رٹائرڈ ارشاد قیصر, احمد رسول بنگش, آصف رفیق, ڈاکٹر نجیب اللہ , ڈاکٹر محمد قاسم جان, جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ , سید عامر عبدالله,انجنیئر عامر ندیم دررانی, انجنیئر احمد جان, وزیر اعلی کے مشیران ڈاکٹر ریاض انور, ڈاکٹر سرفراز علی شاہ , معاون خصوصی وزیر اعلی ظفر اللہ خان , چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی.