اسرائیل کی فوج ٹینکوں کے ساتھ غزہ میں داخل ہوگئی

Israel's Forces enter in Gaza along with tanks and armored vehicles, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: اسرائیل کی فوج ٹینکوں کے ساتھ غزہ میں داخل ہوگئی ہے۔ اسرائیلی میڈیا اسے باقاعدہ زمینی حملہ سے پہلے چھاپہ مار کارروائی قرار دے رہا ہے۔

بعض غیرملکی میڈیا آوٹ لیٹس کی جانب سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ اسرائیل کی فوج بھاری تعداد میں  ٹینکوں کے ساتھ غزہ میں داخل ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ لاپتا اسرائیلیوں کی لاشیں مل گئیں ہیں۔

تاہم اسرائیل کے میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے باقاعدہ زمینی حملے سے پہلے غزہ مین چھاپہ مار کارروائیاں کی ہیں۔

ٹائمز آف اسرائیل کا کہنا ہے کہ آئی ڈی ایف نے متوقع زمینی حملے سے پہلے غزہ میں پہلے 'مقامی' چھاپے مارے ہیں۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فوجیوں نے شمالی غزہ کے علاقہ میں داخل ہو کر یرغمالیوں کے نشانات تلاش کیے، حماس کی ٹینک شکن ٹیم کو ہلاک کر دیا۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی شب بہت سے شہری شمالی غزہ سے نکل کر جنوبی حصہ کی طرف جا رہے ہیں۔

اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پیدل فوج اور ٹینک جمعے کے روز غزہ کی پٹی میں "مقامی چھاپوں" کیلئے داخل ہوئے۔ اس چھاپہ مار کارروائی کا مقصدممکنہ مزاحمت سے علاقے کو صاف کرنا اور لاپتہ اسرائیلیوں کو تلاش کرناہے۔ آئی ڈی ایف کےحوالے سے اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ چھاپہ مار کارروائی حماس کے ہفتہ کی صبح والے حملے کے جواب میں ممکنہ طور پر پورے پیمانے پر حملے کا پیش خیمہ ہے۔

IDF کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیل ہگاری نے کہا کہ بکتر بند اور پیادہ دستوں نے(شمالی غزہ میں داخل ہو کر) تلاشی لی اور "اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل اسکواڈ کو ناکام بنا دیا جو اسرائیلی علاقے میں دراندازی کرنا چاہتا تھا۔"

رئیر ایڈمرل ہگاری نے کہا، "فورسز نے ایسے شواہد  تلاش کیے جو لاپتہ افراد کو تلاش کرنے کی کوششوں میں مدد کر سکتے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ "ہم لاپتہ اسرائیلیوں اور یرغمالیوں کے بارے میں ہر تفصیل کو تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔"

اسرائیل کی جانب سے غزہ میں پمفلٹس کے ذریعے شہریوں کو 24 گھنٹے کے اندر اندر غزہ سے نکلنے کی وارننگ جاری کی گئی تھی تاہم حماس نے اسرائیلی دھمکی کو مسترد کرتے ہوئے غزہ چھوڑنے سے انکار کردیا تھا۔