سٹی42: بھارت کے شہر احمد آباد میں آج آئی سی سی ورلڈ کپ کے اہم ترین اور سب سے زیادہ دیکھے جانے والے میچ میں موسم بری طرح اثر انداز ہو سکتا ہے۔
انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (IMD) کی پیشین گوئیوں سے پتہ چلتا ہے کہ آج 14 اکتوبر کو احمد آباد اور گرد و پیش کے علاقوں میں مغربی ہواؤں کے سبب ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
احمدآباد کے موسم کی پیشن گوئی کے مطابق آج 14 اکتوبر کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران بارش کھیل کا مزا کرکرا کرسکتی ہے، انڈیا کےمحکمہ موسمیات (IMD) نے آج احمد آباد شہر اور شمالی گجرات میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
آئی ایم ڈی کی تازہ ترین پیشگوئی کے مطابق 14 اور 15 اکتوبر کو شمالی گجرات کے اضلاع اور احمد آباد میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ ریاست گجرات میں اگلے پانچ دنوں کے دوران عام طور پر موسم خشک رہنے کی توقع ہے لیکن 14 اکتوبر کو احمد آباد ضلع میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
بارش ہو گی لیکن میچ سے پہلے
دی ویدر چینل انڈیا کے آج احمد آباد شہر کے علاقہ موتیرا میں موسم کے ہر گھنٹہ کے اندازوں کے مطابق، آج صبح کے وقت اور دوپہر 2 بجے میچ شروع ہونے سے پہلے ہی بارش کا امکان ہے۔ میچ کے اوقات کے دوران، بارش کا امکان صفر کے لگ بھگ ہوگا۔ دریں اثنا، احمد آباد میں نمی کی سطح 50 فیصد رہنے کی توقع ہے، جب کہ دن کے وقت درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔ اس گرم اور دھوپ والے موسم کی وجہ سے، شرکاء کو پنڈال میں پہنچنے سے پہلے سن اسکرین لگانے کا مشورہ بھی دیا جا رہا ہے۔
جہاں تک گیم پلے پر موسم کے اثرات کا تعلق ہے، اگر حالات خشک رہیں، آسمان صاف رہے اور درجہ حرارت زیادہ ہو تو صبح بارش ہونے کے بعد بھی پچ خشک ہو جائے گی - یہ صورتحال بلے بازوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے لیکن باؤلروں کے لیے اتنی زیادہ سود مند نہیں، کیونکہ گیند زیادہ سوئنگ نہیں کرے گی۔ اس کے نتیجے میں کرکٹ کے دو باصلاحیت فریقوں کے درمیان ایک اعلی اسکورنگ کھیل ہو سکتا ہے۔