ویب ڈیسک: ملک میں بڑے بریک ڈاؤن کی وجہ سے کئی علاقے تاحال بجلی سے محروم ہیں، نیشنل گرڈ میں خرابی کے باعث آدھا ملک متاثر ہوا ہے، سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر شہروں کو بجلی کی سپلائی معطل ہے۔
نیشنل ٹرانسمیشن سسٹم میں فنی خرابی، طویل بریک ڈاؤن سے پنجاب سمیت ملک کے اکثر حصے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، لاہور میں 1100 میگاواٹ کے شارٹ فال کے باعث ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی جبری لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا، جنوبی پنجاب، بلوچستان،سندھ کے اکثر علاقوں میں 12 گھنٹے بعد سپلائی بحال ہو گئی۔پاور ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق ترسیل کا نظام مکمل بحال ہو گیا، متبادل پیداواری یونٹس سے رسد میں اضافہ کیا جارہا ہے، جلد صورتحال معمول پر آجائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز این ٹی ڈی سی کے سسٹم میں بجلی کے بریک ڈاون کے معاملے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کردی گئی تھی۔ بجلی بریک ڈاون کیسے ہوا؟ معاملے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کردی گئی، کمیٹی کے سربراہ جی ایم ٹیکنیکل ہونگے۔
کمیٹی میں جی ایم نارتھ، چیف انجینئر، ایس جی نارتھ، اور چیف انجنیئر آپریشن شامل ہیں۔کمیٹی معاملے کی انکوائری کرکے چار دن میں رپورٹ جمع کرائے گی۔ذرائع کے مطابق نیشنل گرڈ میں خرابی کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند ہوئی جب کہ سندھ میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔