اکمل سومرو: لاہور سمیت صوبے بھر میں انٹر میڈیٹ امتحانات کے نتائج کا اعلان ہوچکا ہے۔ اس حوالے سے لاہور بورڈ نے نہ صرف نتائج کا اعلان کیا بلکہ امتحان میں غیر حاضر ہونے والے طلباء کے مستقبل کا بھی فیصلہ سنا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور بورڈ نے انٹر میڈیٹ کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ چیئرمین لاہور بورڈ مرزا حبیب علی، سیکرٹری بورڈ اویس سلیم ہمایوں اور کنٹرولر طاہر حسین جعفری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نتائج کا اعلان کیا۔ انٹر میڈیٹ امتحان میں 1 لاکھ 85 ہزار 725 طلباء شریک ہوئے۔ 31 ہزار 353 طلبا اے پلس گریڈ، 23 ہزار 737 طلباء اے گریڈ اور بی گریڈ میں 29 ہزار 601 طلباء پاس ہوئے۔ 35 ہزار 67 طلباءسی گریڈ اور 39 ہزار 219 ڈی گریڈ میں پاس ہوئے ہیں۔ گریس مارکس کےتحت پاس طلباء کی تعداد 24 ہزار 347 ہے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے ان امتحانات میں 2 ہزار 401 طلباغیر حاضری پرفیل ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے غیرحاضر طلباء کو پاس نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔غیر حاضر طلباء کو رعایتی نمبر دے کر پاس نہیں کیا جائے گا۔انٹر میڈیٹ کے نتائج کے اعلان میں طلباء کے لیے آسانی پیدا کردی گئی۔انٹر میڈیٹ کے طلبہ کو سپیشل امتحان دینے کی اجازت مل گئی۔ لاہور سمیت پنجاب کے تمام بورڈ سپیشل امتحان منعقد کروائیں گے۔
اختیاری مضامین میں نمبرز بڑھانے کے لیے طلباء سپیشل امتحان دے سکیں گے جبکہ ازخود پاس کرنے والے طلباء ہی سپیشل امتحان دے سکیں گے۔ سپیشل امتحان 27 نومبر کو منعقد کیا جائے گا۔