سٹی42 : گزشتہ روز لاہور سے ڈینگی کے146 نئےکیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ہسپتالوں میں ڈینگی کے 740 مریض زیرعلاج ہیں۔وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صوبے میں ڈینگی کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور سب سے زیادہ کیسز لاہور میں آرہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت لاہورمیں کابینہ کمیٹی برائے کورونا اورڈینگی کا اجلاس ہوا جس میں لاہورمیں 89 دن کیلئےویکسی نیٹرز بھرتی کرنے سمیت ڈینگی فیلڈاسپتال ایکسپو سینٹرکے تمام اخراجات کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صوبے میں ڈینگی کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور سب سے زیادہ کیسز لاہور میں آرہے ہیں، پنجاب کے نجی اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کیلئے 5000 بسترمختص کیےگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی کا پھیلاؤ روکنا تمام متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے، تمام تعلیمی اداروں میں انسدادڈینگی اسپرے کیا جارہا ہے، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کرنی ہوگی۔
گزشتہ روز لاہور سے ڈینگی کے146 نئےکیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ہسپتالوں میں ڈینگی کے 740 مریض زیرعلاج ہیں ، رواں سال اب تک لاہور سے ڈینگی کے 3,847 کنفرم کیسز سامنے آئے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 231 مریض رپورٹ ہوئے۔ پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے 5,133 کنفرم کیسز سامنے آئے جبکہ صوبہ بھر سے اب تک ڈینگی سے 16 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ ہسپتالوں میں ڈینگی کے 1,383 مریض زیرعلاج ہیں۔
گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 421,151 ان ڈور مقامات اور 90,230 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا. گزشتہ روز پنجاب بھر میں 2,283 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔ گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں 70,119 ان ڈور مقامات اور 10,040 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا جبکہ 1,286 ان ڈور اور آؤٹ ڈور مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔