( شہباز علی ) قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ آسٹریلیا کے لئے ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا اعلان اس ہفتے کے آخر میں ہوگا، سابق کپتان سلمان بٹ، فواد عالم اور عدنان اکمل کے نام اہم ٹور کے لیے زیر غور ہیں۔
دورہ آسٹریلیا کے لئے قومی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی تشکیل پر ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے مشاورت کا آغاز کردیا۔ چیف سلیکٹر مصباح الحق نے تمام ہیڈ کوچز سے کھلاڑیوں کی قائد اعظم ٹرافی میں کارکردگی اور فٹنس کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق کپتان سلمان بٹ کا نام دورہ آسٹریلیا کے لئے زیرغور ہے۔ سابق کپتان کے حوالے سے کوچز نے مثبت رپورٹس ہیڈ کوچ کو بھجوائی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلے بازوں میں عابد علی، سمیع اسلم، فواد عالم، امام الحق، محمد رضوان، عدنان اکمل کے بارے میں کوچز کی مثبت رپورٹ سامنے آئی ہیں۔
فاسٹ باؤلرز وقاص مقصود، عمران خان سینئر، موسی خان، بلاول بھٹی اور راحت علی کے ساتھ ساتھ اسپنرز میں آف اسپنر ولید احمد، لیفٹ آرم اسپنر محمد عرفان جیلر اور ظفر گوہر کے بارے میں بھی کوچز نے مثبت رپورٹس دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق آئندہ ایک دو روز میں تمام کوچز کے ساتھ ملاقات اور مشاورت کے بعد دورہ آسٹریلیا کےلئے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کااعلان کریں گے۔