( حسن علی ) یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کے ملازمین کے لئے خوشخبری، ۔نیشنل انڈسٹریل کمیشن نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دے دیا۔
نیشنل انڈسٹریل کمیشن کے ممبر نور زمان نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین کی یونین کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے این آئی آر سی کے سامنے موقف اپنایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل نہیں کیا جارہا جبکہ وفاقی حکومت دیگر سرکاری ملازمین کی طرح یوٹیلیٹی سٹورز کے ملازمین کی تنخواہیں بھی نہیں بڑھا رہی۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ درخواستگزار یونین فعال نہیں ہے جبکہ نیشنل انڈسٹریل کمیشن کو پالیسی معاملات میں مداخلت کا اختیار بھی نہیں ہے۔
وکیل یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے مزید کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن انتظامیہ ملازمین کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے اور یوٹیلیٹی سٹورز سی بی اے کے صدر نے درخواست دائر کی جبکہ سیکرٹری کا اس درخواست میں کوئی ذکر نہیں اس لئے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سی بی اے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی جائے۔ تاہم نیشنل انڈسٹریل کمیشن نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کو تمام ڈیلی ویجرز ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دے دیا۔