(ویب ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انگلینڈ کیخلاف فائنل میں فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہونے والے پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپ ڈیٹ جاری کی ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کا پیر کی صبح ٹیم کی پاکستان روانگی سے قبل اسکین کرایا گیا لیکن انجری کی کوئی نشاندہی نہیں ہوئی۔اعلامیے کے مطابق سکین کا جائزہ پی سی بی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نصیب اللہ سومرو اور گھٹنے کے آسٹریلوی اسپیشلسٹ ڈاکٹر پیٹر ڈی ایلسنڈرو نے لیا، جائزے میں یہ بات سامنے آئی کہ شاہین آفریدی کو انجری کا سامنا نہیں ہے، شاہین آفریدی بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شاہین آفریدی کو دو ہفتے کے ری ہیب کی ہدایت کی گئی ہے، شاہین آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں ہیری بروک کا کیچ لیتے ہوئے گرے تھے۔
پی سی بی کے مطابق شاہین آفریدی کا ری ہیب وطن واپسی کے چند روز بعد نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں شروع ہو گا، شاہین آفریدی کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی دو ہفتے کے کامیاب ری ہیب سے مشروط ہو گی، ری ہیب مکمل ہونے پر میڈیکل اسٹاف شاہین آفریدی کا دوبارہ معائنہ کرے گا۔
واضح رہے کہ عاقب جاوید نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کے معاملے پر انکوائری ہونی چاہیے،سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی جیسے بولرز روز روز پیدا نہیں ہوتے۔ اس موقع پر سابق کپتان معین خان نے کہا کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں مڈل آرڈر میں کوئی مستند بیٹر نہیں ہے۔