(فہد بھٹی)لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے بڑھتے واقعات نے عوام میں خوف وہراس پھیلا رکھا ہے،شر پسند عںاصر کے اس غیر اخلاقی اقدام کی وجہ سےبچوں اور خواتین کے سر پر وہشت کی نئی لہر منڈ لارہی ہے، گرین ٹاؤن میں ملزموں کی ہوائی فائرنگ سے علاقہ گونج اٹھا جس پر پولیس نے دو ملزمان کا گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق گرین ٹاؤن پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے دو ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا۔ملزمان کو باگڑیاں چوک پر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔ملزمان کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ رائفل ،پسٹل اور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔
ایس ایچ او گرین کا کہناتھا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔گرفتار ملزمان میں علی حسن اور حیدر شامل ہے۔
یادرہے کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، پتنگ بازی قانوناً جرم ہے اس کے باوجود جس طرح مختلف تقاریب اور مقامات پر ان کی خلاف ورزی کی جاتی ہے، وہ محتاجِ بیان نہیں۔
گزشتہ کئی برسوں سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلحہ کی نمائش یا اسے غیر قانونی طور پر رکھنے کی سخت پابندی ہے لیکن عموما رات کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں جاری شادی بیاہ کی تقریب میں ہونے والی ہوائی فائرنگ کی آوازیں سنی جاتی ہیں جس سے شہریوں میں خوف وہراس پیدا ہوجاتا ہے۔
آج کل کی نوجوان نسل میں ہوائی فائرنگ کرکے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنا ٹرینڈ بن چکا ہے۔ اس کے باوجود اکثر پولیس اہلکار اس کا نوٹس نہیں لیتے یا اس وقت کارروائی کرتے ہیں جب فائرنگ سے قیمی جان کا ضیاع ہوجاتا ہے۔