( بسام سلطان ) کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران بھی حکومت حفاظتی سامان نہیں دے رہی، ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کا شکوہ، صدر وائے ڈی اے جنرل ہسپتال نے ہسپتال کی او پی ڈیز بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ انتظامیہ کو بارہا مطلع کیا۔ مگر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
جنرل ہسپتال لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر وائے ڈی اے جنرل ہسپتال ڈاکٹر عمار یوسف نے او پی ڈیز بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کورونا کی دوری لہرکے دوران بھی حفاظتی سامان نہیں دیا جا رہا، اس کے باعث یہ مشکل فیصلہ کیا۔ محکمہ صحت کی پالیسیز بنانے والے بیوروکریٹ ہی آ کر اپ او پی ڈیز میں بیٹھیں۔
صدر وائے ڈی اے کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پہلے بھی کہا کہ کورونا کے دوران کام تو بیوروکریٹس نے کیا ینگ ڈاکٹرز نے کچھ نہیں کیا، اب وہی بیوروکریٹ آکر او پی ڈیز سنبھالیں۔
دوسری جانب او پی ڈیز بند ہونے کا اعلان سن کر مریض بھی پریشان ہوگئے۔ مریضوں کا کہنا تھا کہ حکومت ایس او پیز پر عملدرآمد کروائے لیکن عوام کو سستے علاج معالجہ کی سہولت سے محروم ہونے سے بچائے۔ او پی ڈیز کو بند نہیں ہونا چاہیئے۔ جو لوگ پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج نہیں کروا سکتے وہی سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔
ہسپتالوں میں انتظامی غفلت سے عام عوام سمیت ہیلتھ پروفیشنلز بھی تیزی سے مختلف مرض میں مبتلا ہونے لگے ہیں، جس پر وائی ڈی اے نے او پی ڈیز میں کام بند کرنے کا اعلان کر دیا۔