جیل روڈ (زاہد چودھری) جعل سازی اور بلیک میلنگ روکنے کیلئے اقدام، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے تمام اقسام کی فیس اور جرمانے صرف بینک کے ذریعے وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
کمیشن کے دفتر یا فیلڈ میں کوئی بھی ملازم براہ راست رقم وصول کرنے کا مجاز نہیں ہوگا، پنجاب ہیلتھ کیئرکمیشن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کمیشن کو تمام ادائیگی صرف بذریعہ بینک ہی کی جائے، کمیشن کی جانب سے ہسپتالوں، علاج گاہوں اور لیبارٹریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پی ایچ سی کی لائسنسنگ فیس صرف کمیشن کے نام کراس چیک، ڈیمانڈ ڈرافٹ یا پے آرڈر کمیشن کے دفتر میں جمع کروائیں اور جرمانہ کی رقم بذریعہ بینک چالان کمیشن کے تعین کردہ بینک میں ہی جمع کروائی جائے۔
اعلامیہ کے مطابق کو ئی بھی شخص علاج گاہوں سے فیس یا جرمانہ کی ادائیگی کے لیے کسی بھی صورت میں براہِ راست رقم لینے کا مجاز نہیں ہے۔
ہیلتھ کیئر کمیشن نے واضح کیا ہے کہ آئندہ کمیشن کے نام پر اگر کوئی پیسوں یا کسی اور قسم کا مطالبہ کرے تو ایسے جعلساز کو پولیس کے حوالے کیاجائے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی جان سے کھیلنے والے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا،شہرمیں ان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں،رات گئے شاہدرہ ٹاؤن، کالاخطائی روڈ اورحاجی کوٹ میں چھاپے مارے گئے، دومیڈیکل سٹورز اور ایک عطائی کےاڈے کو سیل کردیا گیا۔