(ملک اشرف) پیراگون ہاؤسنگ سکیم میں بے ضابطگیوں کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 26 نومبر تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق دونوں بھائی عدالت میں پیش ہوئے۔ خواجہ برادران کے وکیل اعظم نذیر تارڑ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہ ہوئے۔ جس کی وجہ سے عدالت نے کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 26 نومبر تک ملتوی کردی۔
خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی جانب سے عبوری درخواست ضمانت میں موقف اختیار کیا گیا کہ پیراگون سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ نیب تحقیقات میں اپنی بے گناہی کا ثبوت دے چکے ہیں۔ خدشہ ہے کہ نیب گرفتار کر لےگا۔ درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ کا 2 رکنی بنچ آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی عبوری درخواست ضمانتیں منظور، مسترد یا ان میں توسیع کرنے کا فیصلہ کرے گا۔