سٹی 42: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات،قومی املاک پر حملے کرنیوالے ایک ایک دہشتگرد کو پکڑا جائے گا۔
نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھاکہ 9مئی کو پنجاب میں دہشت گردی کے ہولناک واقعات ہوئے۔ پنجاب بھر میں پولیس و پرائیویٹ 108گاڑیاں جلائی گئیں ۔سیف سٹیز کے کیمروں کو جلایا گیا،جناح ہاؤس میں حملہ کوئی سیاسی ورکر نہیں کرسکتا ۔جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے دہشت گرد ہیں ۔پولیس کو میری طرف سے گولی چلانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی جبکہ پولیس نے مجھ سے شکوہ بھی کیا کہ آپ ہمیں پتھر کھانے بھیج دیتے ہیں۔ ملزمان کے حوالے سے جو اشتہار دیا اس کا اچھا رسپانس مل رہا ہے۔
جیسے جیسے ہمیں ثبوت مل رہے ہیں ہم لوگوں کو گرفتار کر رہے ہیں۔وزیر اعلی کا مزید کہنا تھا کہ عوام کا تحفظ کرنا ہمارا فرض ہے ۔ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی جانی نقصان نہ ہو ۔سارے کے سارے ٹارگٹس وہ ہیں جو طالبان کی ہٹ لسٹ پر تھے۔23عمارتوں کو نقصان پہنچایاگیاجس میں جناح ہاؤس بھی شامل ہے۔یہ کوئی چھوٹا معاملہ نہیں،اس کیس کو انجام تک پہنچائیں گے۔ سب کچھ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ عسکری پلازہ پر حملہ بھی منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا اور جو لوگ گرفتار ہوئے ہیں ان سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عام شہریوں کی گاڑیاں بھی جلائی گئیں،فوجی تنصیبات پر حملے منصوبہ بندی کے تحت کئے گئے۔ ابھی تک 600کروڑ روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیاہے اور مزید نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل ابھی جاری ہے ۔ گوجرانوالہ ،فیصل آباد ،سیالکوٹ ،میانوالی میں املاک کو نقصان پہنچایاگیا اور ہمارے پاس ہر بندے کی ویڈیو موجود ہے،ایک ایک بندے کوپکڑیں گے۔ ہم کسی ایک بھی غلط بندے کو گرفتار نہیں کریں گے۔شرپسندوں کو پکڑنا اور ان کا ٹرائل کرانا ہماری ذمہ داری ہے اور جن پرائیویٹ افراد کا نقصان ہوا ان کا معاملہ بھی دیکھ رہے ہیں جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب خود اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔