مانیٹرنگ ڈیسک:یہ کامیابیاں، عزت یہ نام تم سے ہے۔۔اے مری ماں میرا سارا مقام تم سے ہے۔۔ خلوص، شفقت، پیار اور صبر سے سرشار عظیم ہستی کو سلام، پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماؤں کا عالمی دن خلوص و محبت سے منایا جارہا ہے،اس دن کو منانے کا مقصد 'ماں' کے مقدس رشتے کی عظمت و اہمیت کو اجاگر کرنا اور ماں کیلئے عقیدت، شکر گزاری اور محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔
ویسے تو ماں کے لیے سال کا ہر دن ہی ہوتا ہے لیکن خصوصی طور پر 'مدرز ڈے' یعنی ماؤں کا عالمی دن ہر سال مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے جس میں بچے اپنی والدہ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تحائف اور ان کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین سمیت سیاسی، سماجی اور شوبز شخصیات غرض کے ہر کوئی 'مدزر ڈے' مناتے ہوئے اپنی والدہ کے لیے جذبات کا اظہار کر رہا ہے اور ان کے ساتھ لی گئی یادگار تصویر شیئر کررہا ہے۔
گلوکار ظفر اقبال نیویارکر نے ماں کے عالمی دن پر گانا ریلیز کردیا، گانے کی شاعری ناصر علی ناصر موسیقی خاور حسین نے ترتیب دی،ظفر اقبال نیویارکر کے گانے کی ویڈیو کے ایس کاظمی نے ڈائریکٹ کی۔
یاد رہے کہ ماﺅں کے عالمی دن منانے کی تاریخ بہت قدیم ہے اور اس کا سب سے پہلے یونانی تہذیب میں سراغ ملتا ہے جہاں تمام دیوتاوں کی ماں ”گرہیا دیوی“ کے اعزاز میں یہ دن منایا جاتا تھا۔ سولہویں صدی میں ایسٹر سے 40 روز پہلے انگلستان میں ایک دن ”مدرنگ سنڈے“ کے نام سے موسوم تھا۔ امریکہ میں مدرز ڈے کا آغاز 1872ءمیں ہوا۔
سن 1907ءمیں فلاڈیفیا کی اینا جاروس نے اسے قومی دن کے طور پر منانے کی تحریک چلائی جو بالآخر کامیاب ہوئی اور 1911ءمیں امریکہ کی ایک ریاست میں یہ دن منایا گیا۔
ان کوششوں کے نتیجے میں 8 مئی 1914 ءکو امریکا کے صدر ووڈرو ولسن نے مئی کے دوسرے اتوار کو سرکاری طورپر ماوں کا دن قرار دیا، اب دنیا بھر میں سے ہرسال مئی کے دوسرے اتوار کو یہ دن منایا جاتا ہے۔