ویب ڈیسک :ملک بھر میں آج ‘یومِ فلسطین’ منایا جا رہا ہے، یوم فلسطین منانےکی اپیل پاکستان علماکونسل نےکی تھی ، علامہ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ اوآئی سی اسرائیلی جارحیت کےخلاف فوری اقدامات کرے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پاکستان علماکونسل کی اپیل پر آج یوم فلسطین منا یاجارہاہے ، پاکستان علماء کونسل کےچیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا قوم اور حکومت اہل فلسطین کے ساتھ ہیں، اوآئی سی اسرائیلی جارحیت کےخلاف فوری اقدامات کرے۔ ملک بھر کی مساجد میں فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کی مذمت کی گئی اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیاگیا۔
یاد رہے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور وزیراعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے یوم فلسطین منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی مکمل تائید و حمایت کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کی بھرپور مذمت اور اسلامتی تعاون تنظیم سے فوری اقدامات اٹھانے کا بھی کہا گیا ہے۔
واضح رہے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے، اس سےقبل اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نےاسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کو بنیادی انسانی حقوق اور اخلاقیات کے خلاف اقدام قرار دیا۔
قبل ازیں گزشتہ ہفتے نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران اسرائیلی فوج نے مسجد الاقصیٰ میں گھس کر 300 سے زائد نمازیوں کو زخمی کردیا تھا جس کے بعد سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے،اسرائیل کے غزہ پر گزشتہ ایک ہفتے سے جاری حملے کے نتیجے میں کئی بچوں سمیت 84 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔