کورونا وائرس کے بھونچال سے ایک اچھی خبر

 کورونا وائرس کے بھونچال سے ایک اچھی خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (زاہد چودھری)دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہاہے، پاکستان میں اب تک کورونا وائرس  سے 35 ہزار 385افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 761 افراد انتقال  کرچکے ہیں، یکم مئی سے لے کر اب تک ملک میں 15 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا، پنجاب بھر میں 1356 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد 13 ہزار 225 ہوگئے، اب تک کورونا وائرس سے  214 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں، لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 816 نئے کیس سامنے آگئے جس کے بعد شہر میں کورونا کے کنفرم مریضوں کی تعداد 6462 ہوگئی۔

  کورونا وائرس کی تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ تو دوسری جانب لوگ تیزی سے وائرس کو شکست دینے میں بھی کامیاب ہونے لگے، پنجاب میں اب تک 4452 افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بھونچال سے ایک اچھی خبر آگئی، شہر کے ہسپتالوں میں داخل 98 فیصد کورونا مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، صرف ڈیڑھ فیصد کی حالت کو تشویشناک قرار دیا گیا، شہر کے سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں میں سے 1.5 فیصد کو ہی انتہائی نگہداشت کی ضرورت پڑ رہی ہے، وینٹی لیٹر پر شفٹ ہونے والوں کی تعداد نصف فیصد یا اس سے کم ہے۔

ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا کے 1179 کنفرم مریض داخل ہیں جن میں سے ڈیڑھ فیصد مریض جن کی تعداد 18 ہے، انتہائی نگہداشت میں ہیں، ان میں پانچ مریضوں کو وینٹی لیٹرز پر شفٹ کیا گیا ہے جو کہ مریضوں کی مجموعی تعداد کا نصف فیصد سے بھی کم ہے، شہر کے ہسپتالوں میں زیر علاج 98 فیصد سے زائد مریضوں میں کورونا کی یا تو کوئی علامت ہی نہیں یا بہت معمولی علامات ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer