(زاہد چوہدری) لاہور میں کورونا وبا کی سنگینی میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 816 لاہوریئے کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، مصدقہ مریضوں کی تعدادبڑھ کر 6 ہزار 462 ہو گئی جبکہ پنجاب بھر میں 1356 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، متاثرہ افراد 13 ہزار 225ہوگئے،اب تک 214 اموات ریکارڈ ہوچکی ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کےمطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 1356 نئے کیس رپورٹ ہونے سے مریضوں کی تعداد 13225 ہو گئی ہے۔ شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 816 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ننکانہ میں 6، قصور 5، شیخوپورہ 12، راولپنڈی 134، جہلم 4، اٹک 3، چکوال 4، گوجرانوالہ 29 اور سیالکوٹ میں 20 نئے کیس سامنے آئے،گجرات 119، منڈی 2، ملتان 85، فیصل آباد 64، چینیوٹ 3، جھنگ 3 اور رحیم یار خان میں 12 نئے کیس سامنے آئے، سرگودھا 27، بہاولنگر 5، بہاولپور 7، لودھراں 1 اور ساہیوال میں 1 کیس سامنے آیا۔
کورونا وائرس سے اب تک کل 214 افراد جاں بحق جبکہ 4452 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ ترجمان کےمطابق اب تک 140،212کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرنے عوام سے گزارش کی ہےکہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فوراً 1033 پر رابطہ کریں۔
خیال رہے کہ عالمگیر وباء کورونا وائرس کی یلغار نے تباہی مچا کررکھ دی، پاکستان میں لاک ڈاؤن کے بعد مریضوں کی تعداد میں اضافہ تیزی کے ساتھ ہورہا ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے. ایک دن میں 2255 کیسزرپورٹ ہوئے، مجموعی تعداد34 ہزار336 ہوگئی۔ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 31 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد مجموعی تعداد737ہوگئی۔ پنجاب میں کرونا کے 13ہزار 225، سندھ میں 12ہزار 610، خیبر پختونخوا میں 5ہزار 21 اور بلوچستان میں 2 ہزار 158 مریض ہوگئے۔