(حافظ سشہباز علی )پی سی بی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس مقرر کر دیا ، ندیم خان کو آرڈینیٹر سلیکشن کمیٹی کے عہدے سے دستبردار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق دو ٹیسٹ اور دو ون ڈے میچز کھیلنے والے ندیم خان ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کا عہدہ سنبھالیں گے، ترجمان پی سی بی کے مطابق ندیم خان کا 16 امیدواروں میں سے انتخاب کیا گیا ہے۔ندیم خان کا انٹرویوچئیرمین کرکٹ کمیٹی اقبال قاسم اور رکن وسیم اکرم نے کیا۔
انٹرویو کرنے والوں میں چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈیوڈ پارسنز بھی شامل تھے۔ پی سی بی نے سابق ڈائریکٹر پرفارمنس ای سی بی کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں۔ ڈائریکٹر اکیڈمیز اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کے بعد ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کا عہدہ لایا گیا۔ ندیم خان نے کہا کہ ری سٹرکچرنگ کے دور میں پی سی بی کا حصہ بننے پر خوشی ہے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی کہتے ہیں ندیم خان کرکٹ کا بہت علم رکھتے ہیں،ہم ان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے 18 کھلاڑیوں کو ایک سال کے لئے سینٹرل کنٹریکٹ جاری کردیا، سرفراز احمد ون ڈے ٹیم کی قیادت کے ساتھ ساتھ اے کیٹیگری سے بھی چھٹی ہوگئی ، نسیم شاہ پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہوگئے .
پی سی بی نے یکم جولائی 2020 سے 30 جون 2021 کے لئے 18 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ جاری کردیا، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے تین کھلاڑیوں کوالگ سے ایمرجنگ کیٹگری میں شامل کیا گیاہے .
پی سی بی نے موجودہ صورت حال میں کھلاڑیوں کو معاشی فکر سے آزاد کرنے کے لئے قبل از وقت سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا . سرفرازاحمد کو ون ڈے ٹیم کی قیادت کے ساتھ ساتھ اے کیٹیگری سے بھی فارغ کردیا گیا . وہاب ریاض ، محمد عامر اور حسن علی کی بھی سینٹرل کنٹریکٹ سے چھٹی کروادی گئی .
شاہین شاہ آفریدی پہلی مرتبہ اے کیٹیگری میں جبکہ نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کر لئے گئے . یاسرشاہ کی اے سے بی کیٹیگری میں تنزلی ہو ئی ہے توٹیسٹ کپتان اظہر علی کو بی سے اے جبکہ عابد علی کو سی سے بی کیٹیگری میں ترقی دے دی گئی .
پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ کنٹریکٹ کے مطابق اے کیٹگری میں اظہر علی ، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں. بی کیٹگری میں اسد شفیق ، عابد علی، حارث سہیل، محمد عباس، سرفراز احمد، محمد رضوان، شاداب خان ، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں. فخر زمان ، افتخار احمد، عماد وسیم،امام الحق ، نسیم شاہ اور عثمان شنواری سی کیٹگری میں شامل ہیں .
نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اسپیشل ایمر جنگ کیٹگری میں حیدر علی، محمد حسنین اور حارث روف کو شامل کیا گیا ہے . نیا سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2020 سے 30 جون 2021 تک نافذ العمل ہوگا.