( سعود بٹ ) وزیراعظم آن لائن شکایت سیل میں غیر حل شدہ شکایات کی تعداد میں دن بدن اضافہ، 41 روز کی ڈیڈ لائن پر حل نہ ہونیوالی شکایات پر وزیراعظم سیکرٹریٹ نے ناقص کارکردگی پر 49 محکموں اور ڈویژنز کی فہرست جاری کردی۔
وزیراعظم شکایت پورٹل کی جانب سے جاری ہونیوالی رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ 41 روز کی ڈیڈ لائن گزر جانے کے باوجود حل نہ ہونے والی شکایات وزیراعظم کے ذاتی مانیٹرنگ ڈیش بورڈ پر واضح ہوچکی ہیں، جس کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرڈیپارٹمنٹ 3958 شکایات کے ساتھ اول نمبر پر ہے۔
لوکل گورنمنٹ کیخلاف 3 ہزار 60، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ 1656، ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کیخلاف 1601 شکایات سپر ایسکلیٹڈ کی سطح پر پہنچ گئیں۔ لاہور ڈویژن کیخلاف 1104، سکول ایجوکیشن کیخلاف 787، بورڈ آف ریونیو کیخلاف 602 شکایات سپر ایسکلیٹڈ سطح پر ہیں۔
محکمہ پولیس کیخلاف 174، ایریگشن کیخلاف 91، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن 37، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ 37 شکایات سپر ایسکلیٹڈ کی سطح پر پہنچ چکی ہیں۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کیخلاف 33 اور صاف پانی کیخلاف 17 شکایات سپر ایسکلیٹڈ کی سطح پر ہیں۔
وزیراعظم پورٹل نے سرکاری محکموں کو شکایات کے بروقت ازالہ کی سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے وارننگ لیٹر جاری کردیا۔