(عفیفہ نصر) تحفظ کے نام پر بنے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بچے غیر محفوظ ہوکر رہ گئے، معصوم بچیوں پر جسمانی اور نفسیاتی تشدد کا انکشاف، بچیوں نے منیجر کے شرمناک رویے کا سٹی 42 کے سامنے بھانڈا پھوڑ دیا۔
کروڑوں کا بجٹ رکھنے والے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بچوں کے کھانے کیلئے خشک نان اور سوکھی ٹکی ہے، جسے ننھے بچوں کیلئے نگلنا بھی دشوار ہے، ایک بچی نے بتایا کہ چھوٹے بچوں کو کھانا کھلانے والی آیائیں بھی غیر ذمہ داری سے ادھر ادھر خوش گپیوں میں مصروف رہتی ہے۔
والدین کے اختلافات کی بھینٹ چڑھنے والے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بھی سکون میسر نہیں، چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں آنے والے بچوں سے نہ صرف جسمانی مشقت کرائی جاتی ہے بلکہ انکار پر واش روم میں بند کر دیا جاتا ہے۔
گوجرانوالہ بیورو میں بچوں کے ساتھ کیے جانے والے بہیمانہ تشدد کے حوالے دے کر نفسیاتی طور پر ہراساں کیا جاتا ہے، بچی کی یہ باتیں ابھی جارہی ہی تھیں کہ منیجر چائلڈ بیورو مس نازیہ آگئیں اور سٹی 42 کی ٹیم کو دھمکانا شروع کردیا۔
خبر بے نقاب کرنے کے بعد چائلڈ پروٹیکشن کی منیجر مس نازیہ کی جانب سے بچوں کو مزید تشدد کا نشانہ بنانے کا بھی خطر ہ ہے۔