ویب ڈیسک : اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تجزیہ کار محسن بیگ کی دہشت گردی کیس میں بھی ضمانت منظور کرلی۔
خصوصی عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔عدالت نے 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض محسن بیگ کی ضمانت منظور کی۔واضح رہے کہ محسن بیگ کی اسلحہ رکھنے کے کیس میں ضمانت پہلے ہی منظور ہوچکی ہے۔ملزم محسن بیگ کی بعد ازگرفتاری درخواست ضمانت جوڈیشل مجسٹریٹ وقار حسین گوندل نے منظور کی تھی۔ ملزم کے خلاف تھانہ مارگلہ نے ناجائز اسلحہ کا مقدمہ نمبر 87 درج کیا تھا۔
وکیل صفائی نے بتایا کہ مقدمہ میں لگی دفعہ قابلِ ضمانت جرم ہے لہذا ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے 30 ہزار روپے مچلکوں پر ملزم محسن بیگ کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔محسن بیگ کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ دورانِ تفتیش محسن بیگ نے بتایا کہ جس پستول سے فائرنگ کی وہ گھر میں ہے،جس پر ملزم کے ہمراہ اس کے گھر جا کر 30 بور کا پستول برآمد کیا گیا۔