حکومت پھر عوام پر پٹرول بم گرانے کو تیار، نئی قیمتوں کا اعلان آج ہوگا

حکومت پھر عوام پر پٹرول بم گرانے کو تیار، نئی قیمتوں کا اعلان آج ہوگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاریاں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک اضافہ کا امکان، اوگرا نے سمری حکومت کو ارسال کر دی، وزیر اعظم کی منظوری کے بعد آج نئی قیمتوں کا اعلان ہو گا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور 15 مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی تجویز حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سمری میں پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل 6 روپے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمتوں میں ساڑھے چار روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے, وزارت خزانہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں پر اپنی تجویز دے گی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یکم مارچ کو وزیراعظم عمران خان نے اوگرا کی جانب سے بھجوائی گئی سمری مسترد کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا حکم دیا تھا۔

انہوں نے عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ بڑھانے سے انکار کر دیا تھا۔ اوگرا نے تقریباً 6 سے 7 روپے فی لیٹر تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز دی تھی جسے وزیر اعظم نے منظور نہیں کیا تھا۔

Sughra Afzal

Content Writer