(اسرارخان)لاہور کے نواحی علاقہ صوئے آصل میں پولیس مقابلہ، 2 مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ دو ڈاکو فرار ۔ پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کرتے ہوئے واقعے تحقیقات شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق صوئے آصل میں پولیس مقابلے میں 2 مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ دو ڈاکو فرار ہو گئے پولیس کے مطابق سی آئی اے کاہنہ پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ خانو ہارنی پلی کے قریب 4 ڈاکو واردات کی نیت سے موجود ہیں، جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی، تاہم جوابی کارروائی کے نتیجے میں 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکوﺅں کی شناخت سفیان اور وقاص کے نام سے ہوئی، جو پانڈوکی کے رہائشی تھے۔ ملزمان کے لواحقین نے واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فیروزپور روڈ کو بلاک کر دیا تاہم پولیس نے لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کر دیا، جبکہ متعدد مظاہرین کوبھی حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو ریکارڈ یافتہ تھے، جن کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کرکے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب فرار ہونے والے ملزموں کی تلاش بھی جاری ہے۔
دوسری جانب باغبانپورہ میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے شہری کوزخمی کر دیا، متاثرہ شہری کو طبی امداد کے لئے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔