(محمد علی رضا) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کہ الیکشن چاہے ایک ماہ میں ہو یا سال بعد مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی اللہ عوام کو کرونا وائرس اور کرونا حکومت سے بچائے ڈاکٹر عدنان پر حملہ نواز شریف کے معالج ہونے کی وجہ سے ہوا امید ہے شہباز شریف رواں ماہ پاکستان آئیں گے۔
میاں عمران ایڈوکیٹ اور میاں احسن ایڈوکیٹ کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ن لائرز فورم کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ، مسلم لیگ ن کے صدر پرویز ملک، ایم این اے رانا مبشر، ایم پی اے خواجہ عمران، مرزا جاوید سمیت لاہور ہائی کورٹ کے نومنتخب صدر طاہر نصر اللہ وڑائچ اور وکلا برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی خاموشی پارٹی ڈسپلن کا حصہ ہے جب پارٹی چاہے گی مریم نواز بات کریں گیئں شہباز شریف پاکستان میاں نواز شریف کے پیچیدہ آپریشن کی وجہ سے لندن میں رکے ہیں امید ہے رواں ماہ وہ پاکستان آ جائیں گے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نیب کو ہتھیار بنا کر اپوزیشن اور اب میڈیا کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ نواز شریف کا ہے پارٹی کا ووٹ مضبوط ہو تو مفاد پرستوں کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا پارٹی نے عثمان بزدار سے ملنے والوں سے تحریری جواب مانگا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ مشترکہ لائحہ عمل کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مسلم لیگ بھی ان کا ساتھ دے گی جلد سچ کی آواز آگے بڑھے گی اور جھوٹ کو شکست فاش ہو گی۔