(عابد چودھری) باغوں کے شہر لاہور میں ناجائز اسلحہ کی بھرمار کے باعث قتل کی وارداتیں بڑھنے لگیں، رواں سال کے دو ماہ دس دنوں کے دوران شہر میں 67 افراد کو موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا، ہومی سائیڈ انویسٹی گیشن پولیس قاتلوں کو پکڑنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
رواں سال کے2 ماہ 10 دنوں کے دوران شہر میں بچوں اورخواتین سمیت 67 افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا, پولیس رپورٹ کے مطابق صدر ڈویژن میں قتل کی سب سے زیادہ وارداتیں ہوئیں جہاں 23 افراد قتل ہوئے، کینٹ ڈویژن میں 13، سٹی ڈویژن میں 12 افراد قتل ہوئے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ماڈل ٹاﺅن ڈویژن میں 8 ، اقبال ٹاﺅن میں 6 اور سول لائن ڈویژن میں 5 افراد کو قتل کیا گیا۔ہومی سائیڈ انویسٹی گیشن سیل میں 40 کیسز زیر تفتیش ہیں ، ہومی سائیڈ انویسٹی گیشن سیل درج شدہ مقدمات کی تفتیش مکمل کرنے میں ناکام نظر آ رہا ہے جس کے باعث قتل ہونے والوں کے لواحقین انصاف کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبورہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق قتل کی وارداتوں کی بڑی وجہ شہر میں ناجائز اسلحہ کی بھرمار ہے۔