سٹی42: محکمہ موسمیات نے عید الضحیٰ کے دوسرے دن 18 جون سے 22 جون تک تیز آندھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 جون کو بحیرہ عرب سے نم ہوائیں ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔ 16اور 17 جون کے روز گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم خشک کیساتھ ساتھ گرم رہے گا۔ 19 سے 22 جون تک گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ کشمیر میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں 18 سے 22 جون کے دوران آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں 18 جون کی شام یا رات سے 22 جون کے دوران آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 20 سے 22 جون کے دوران آندھی جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا مکان ہے سندھ کے مختلف علاقوں میں 21 سے 22 جون کے دوران آندھی، جھکڑ چلنے اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔