ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کے الزامات مسترد کردیے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں چیف الیکشن کمشنر پربھی بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کی مذمت کی گئی ہے۔ اعلامیے میں اس تاثر کی تردید کی گئی ہےکہ ووٹرز کو جان بوجھ کر دور دراز علاقوں میں شفٹ کیا گیا یا حلقہ بندیوں کو تبدیل کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہےکہ پنجاب میں 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن موجودہ فہرستوں اور حلقہ بندیوں پر ہو رہے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ چند روز سے بعض سیاسی شخصیات کی طرف سے الیکشن کمیشن پر الزامات لگائےگئے، پنجاب کے 20 حلقوں میں شفاف الیکشن کے لیے مناسب انتظامات کیےگئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ اس نے با اثر لوگوں کے خلاف بلا امتیاز اور بھرپور کارروائی بھی کی، الیکشن کمیشن آئندہ بھی تمام انتخابات میں ایسا ہی کرتا رہےگا۔اعلامیےکے مطابق 2023 کے عام انتخابات کے لیے غیر حتمی انتخابی فہرستیں ڈسپلے سینٹرز میں رکھ دی گئی ہیں، امید ہےکہ تمام سیاسی جماعتیں آئندہ ایسے بے بنیاد الزامات سے اجتناب کریں گی۔