(جنید ریاض)صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے سالانہ بجٹ 2021-2022 کو عوام دوست بجٹ قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ پنجاب کے لئے پیش کئے جانے والے عوام دوست بجٹ میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے عین مطابق عوام کو بھرپور ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے، بجٹ میں محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے لئے384.9 ارب روپے کا حجم رکھا گیا ہے،بجٹ 2021-2022 میں انصاف آفٹرنون سکول پروگرام کے تحت پنجاب کے 8500 سکولوں کو پرائمری سے ایلیمنٹری کا درجہ دینے کے لئے بجٹ میں ساڑھے چھے ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
مزید پڑھئے: 1000سی سی سے چھوٹی گاڑیاں رکھنے والوں کیلئے اہم خبر
ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ صوبے بھر کے 8500 سکول اپگریڈ ہونے سے 20 لاکھ سے زائد طلبا سکولوں میں آئیں گے اور اپگریڈ ہونے والے سکولوں میں سے 40 فیصد سکول جنوبی پنجاب میں ہوں گے، ڈاکٹر مراد راس نے بتایا کہ بجٹ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لئے 19 ارب جبکہ پیما کے لئے 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ مالی بجٹ 2021-2022 میں دانش سکولز کے لئے ایک ارب، اضافی کلاس رومز کی تعمیر کے لئے 50 کروڑ، مفت کتابوں کی تقسیم کے 3.1 ارب، اور نان سیلری بجٹ کی مد میں 14.2 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے بجٹ 2021-2022 میں عوام کی مالی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ان پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے اسے کم کرنے کی جانب توجہ دی ہے۔ محمکہ تعلیم کی تعمیر و ترقی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے مالی سال 2021-2022 کے لئے پیش کئے جانے والا بجٹ ایک نئی تاریخ رقم کریگا۔ اس بجٹ میں صوبے بھر کی عوام کے لئے 50ارب سے زائد کا ٹیکس ریلیف دیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا آخر میں کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم نے ان مشکل حالات میں عوام کے لیے متوازن اور ٹیکس فری بجٹ پیش کر کے حکومت عوام دوستی کی ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔