عابد چودھری:کالعدم تحریک لبیک کے مظاہروں کے دوران تشدد سے شہید ہونے والے کانسٹیبل شفقت کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی،نماز جنازہ میں ایس ایس پی آپریشنز سمیت دیگر پولیس افسروں نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق کالعدم تحریک لبیک کے احتجاجی مظاہروں کے دوران تشدد کا نشانہ بننے والا اہلکار شفقت دو ماہ ہسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔شہیدکانسٹیبل شفقت علی کی نماز جنازہ آبائی علاقے پنڈی بھٹیاں میں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں ایس ایس پی آپریشنز احسن سیف اللہ سمیت متعلقہ سینئر پولیس افسروں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
پنجاب پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کانسٹیبل کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ایس ایس پی آپریشنز، شہید کے ورثاء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شہید کے بلندی درجات کیلئے دعائیں کیں۔
ایس ایس پی آپریشنز احسن سیف اللہ کا کہنا تھا کہ فرض کی راہ پر قربان ہونے والے جوانوں کی قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ پولیس شہدا کی فیملی ہماری اپنی فیملی ہے جنہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔