ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور میں کورونا کیسز 25 ہزار سے متجاوز، مزید 11 اموات

لاہور میں کورونا کیسز 25 ہزار سے متجاوز، مزید 11 اموات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (زاہد چودھری، عرفان ملک) صوبائی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے حملوں میں شدت آگئی، لاہور میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے مزید 11 اموات، 1342 نئے کیسز سامنے آگئے، 91 دنوں میں لاہور میں 325 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور  25 ہزار سے زائد  افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے شہر میں دو ہفتے لاک ڈاؤن کی تجویز مسترد کردی۔

پنجاب میں چوبیس گھنٹوں کے دوران  کورونا  وائرس سے مزید 48 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 938 ہوگئی جبکہ 2705نئے کیسز سامنے آنے کے بعد  صوبے میں کنفرم مریضوں کی تعداد  50087 ہوگئی، لاہور کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے سیریس مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے، اس وقت زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا 135 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، 191 مریض انتہائی نگہداشت وارڈ اور 749 مصدقہ مریض ہسپتالوں کے آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق اب تک پنجاب میں 338,714 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، کورونا وائرس کو شکست دیکر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد17,560 ہو چکی ہے۔

علاوہ ازیں شہر کے  11 ایس ایچ اوز اور 11 ڈی ایس پیز کورونا کا شکار ہو گئے، جس سے تھانوں میں حاضریاں کم ہونے کے باعث پولیس کی ورکنگ بھی شدید متاثر ہونے لگی، 13 انسپکٹرز،9 سب انسپکٹر اور 14 اے ایس ائیز کورونا کا شکار ہو چکے ہیں، ابتک سب سے زیادہ لاہور پولیس کے کانسٹیبلز کورونا کا شکار بن ہیں، لاہور پولیس میں کورونا کیسز کی تعداد 294 ہو چکی ہے۔

  پولیس ریکارڈ کے مطابق سب سے زیادہ لاہور پولیس کی کینٹ ڈویژن متاثر ہوئی، پولیس افسروں نے حوالات میں موجود ملزموں کو جلد از جلد جوڈیشل کروانے کی بھی ہدایات جاری کر دیں، گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد27 ہو چکی ہے، صدرمسلم لیگ (ن )شہبازشریف کی اہلیہ کوبھی کورونا  کو ہوگیا، تہمینہ درانی نے ٹیسٹ مثبت آنے پر اپنی رہائش گاہ میں خود کو قرنطینہ کر لیا۔

گورنر ہاؤس کے 10 ملازمین کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کر دی گئی، گورنر ہاؤس کے 44 ملازمین میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی لیبارٹری سے ٹیسٹ کروائے گئے، گورنر ہاؤس کے مختلف شعبوں کے 10 ملازمین میں کورونا وائرس لاحق ہونے کی تصدیق کر دی گئی۔

 دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اہم اجلاس میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاون کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ لاہور سمیت پنجاب میں مکمل لاک ڈاون نہیں کیا جائے گا، شہروں کو ٹاؤن کی سطح پر بھی لاک ڈاون نہیں کیا جائے گا بلکہ ریڈزون بنائے جائیں گے، تمام مارکیٹوں ، بازاروں میں وارننگ جاری کی جائیں گی، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں مارکیٹوں کو بند کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے ایک بارپھر لاک ڈاؤن نہ کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ لاک ڈاؤن کا مطلب ساری معیشت بند کرنا ہے، ہمارے جیسے ممالک میں سمارٹ لاک ڈاؤن حل ہے، لاک ڈاؤن سے نیویارک کا دیوالیہ نکل گیا۔

وزیراعظم نے ایک بار پھر کورونا کیسز میں اضافے کا ذمہ دارعوام کو قراردے دیا اور کہاکہ عام لوگ سمجھتے ہیں کہ انہیں بیماری نہیں ہو گی، احتیاط نہیں کریں گے تو وبا تیزی سے پھیلے گی، اب سختی کرنا پڑے گی.

Sughra Afzal

Content Writer