( شاہ رخ ندیم ) بھارتی انتہا پسندی مذہبی رسومات کی راہ میں بھی رکاوٹ بن گئی، مذہبی رسومات کے لیے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کواجازت نہیں دی گئی، سکھ یاتری اٹاری پرانتظار ہی کرتے رہے۔
گرو ارجن دیو کی شہیدی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے سکھ یاتریوں نے پاکستان آنا تھا، مگر بھارتی حکومت نے انہیں پاکستان جانے کی اجازت نہ دی۔ واہگہ ریلوے سٹیشن پر پاکستان گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ نے کہا کہ حکومت پاکستان نے 146 سکھ یاتریوں کو ویزا جاری کیا مگر بھارت نے پاکستان سے ٹرین آنے سے ہی روک دی۔
تارا سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارت میں سکھ یاتری انتظار کر رہے ہیں، بھارتی حکومت کو مذہب کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔ سردار بھشن سنگھ نے بھارت کی جانب سے سکھ یاتریوں کو اجازت نہ ملنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے سکھوں کو بھارت کے اس رویہ پر احتجاج کرنا چاہیے۔
سردار بھشن سنگھ نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سکھوں کو پاکستان آنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ گرو ارجن دیو شہیدی کی مرکزی تقریب میں شرکت کرسکیں۔