ویب ڈیسک: پاکستان کی سستی ترین ایئر لائن فلائی جناح نے 23 جولائی 2023 سے کوئٹہ اور اسلام آباد کے نئے روٹ پر ہفتہ وار 5 پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق فلائی جناح کا متعارف کردہ نیا روٹ مسافروں کو دونوں شہروں کے درمیان سفر کا ایک نیا موقع فراہم کرے گا۔ جس کی بدولت زیادہ سے زیادہ مسافر سستی سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ آرام دہ سفر سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔ ترجمان کے مطابق فلائی جناح انتہائی کم قیمت پر قابل اعتماد اور آرام دہ سفر کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے جبکہ کمپنی معیاری سروس، موثر آپریشنز اور زیادہ کنیکٹیویٹی پیش کرتے ہوئے مسافروں کے فضائی تجربہ کو خوشگوار بناتی ہے۔
فلائی جناح اس وقت پاکستان کے پانچ بڑے شہروں کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے درمیان پروازیں چلا رہی ہے۔ فلائی جناح کے فضائی بیڑے میں اس وقت تین جدید ترین ایئر بس A320 طیارے شامل ہیں۔ کسی بھی اکانومی کیبن کے مقابلے میں زیادہ کشادہ نشستوں کے علاوہ فضائی کمپنی مسافروں کو اسکائی کیفے کے آن بورڈ مینیو کے ذریعے سستا اور اپنی مرضی کے مطابق سفری تجربہ فراہم کرتا ہے۔ جہاں مسافر انتہائی مناسب قیمت پر اسنیکس، سینڈوچز اور دیگر مختلف پکوان سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔