(ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی۔قیمتوں میں کمی کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کیا۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جس وقت ہم نے حکومت سنبھالی تو تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی تھیں جبکہ مہنگائی بھی بہت زیادہ تھی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے ہمارا معاہدہ ہو چکا ہے،قوم سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے جو سخت معاہدہ کیا تھا اسے جاتے ہوئے تہس نہس کر دیا، جب ہم آئے تو مہنگائی عروج پر تھی ، ہمیں سر منڈواتے ہی اولے پڑے تھے ۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرول کی قیمت میں 18روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا۔ قیمت میں کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 230 روپے 24 پیسےفی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 236 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت 33 روپے 81 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد 196 روپے 45 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 34 روپے 71 پیسے کمی کے بعد 191 روپے44 پیسے فی لیٹرکردی گئی ہے۔قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔