(اکمل سومرو)لاہور بورڈ کے تحت میٹرک کے ہونے والے امتحانات میں چند روز باقی ہیں، طلباء کو رول نمبر سلپس تاحال جاری نہ ہو سکیں، الحاق شدہ سکولوں کے طلباء و طالبات رول نمبر سلپس نہ ملنے پر پریشانی کا شکار ہیں۔
تفصیلات کےمطابق لاہور بورڈ نے الحاق شدہ سکولوں کے طلباء کو تاحال رول نمبر سلپس ایشو نہیں کیں، رول نمبر سلپس ایشو نہ ہونے پر ہزاروں طلباء و طالبات پریشانی کا شکار ہیں،لاہور بورڈ کے تحت دسویں جماعت کے امتحانات 29 جولائی سے شروع ہوں گے۔
میٹرک امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء نے لاہور بورڈ انتظامیہ سے رول نمبر سلپس جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے، طلباء کہتے ہیں کہ رول نمبر سلپ نہ ملنے کی وجہ سے وہ غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں اور انھیں امتحانی مرکز سے متعلق بھی معلومات نہیں ہیں۔
دوسری جانب لاہور بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ انٹر کے امتحانات میں سوکس، بینکنگ ،کمپوٹر سائنس کے پرچہ جات لئے گئے، تمام امتحانی مراکز کی کڑی نگرانی کی گئی ، چیئر مین ڈاکٹر مرزا حبیب علی نے سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی ہے کہ گرمی کی شدت کو سامنے رکھتے ہوئےامتحانی سنیٹرز ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔
ڈسٹری بیوٹرز انسپکٹرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ سوالیہ پرچہ دیتے اور جوابی کاپیاں وصول کرتے وقت بنک میں موجود رہیں، مزید یہ کہ اقامتی انسپکٹرزسوالیہ پرچہ جات کی تقسیم کے وقت امتحا نی مرکز میں موجودرہیں۔