( عثمان علیم، درنایاب ) عیدالاضحی کے لئے مویشی منڈیوں کا انعقاد، لاہور پولیس کے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے، ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کے 1 ہزار سے زائد افسران اور جوان سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
شہر میں 12 مقامات پر مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی جس کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔ کل سے مویشی منڈیاں باقاعدہ آپریشنل کر دی جائیں گی۔ مویشی منڈیوں میں جانور لانے والے بیوپاریوں کا مکمل بائیو ڈیٹا اور جانوروں کی تعداد کا تمام ریکارڈ بھی کمپیوٹرائزڈ کیا جائیگا۔
پولیس کے مطابق 04 ایس پیز، 05 ڈی ایس پیز، 08 ایس ایچ اوز اور 48 اَپر سب آرڈینیٹس تعینات ہوں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ لاہور شہر سے ملحقہ 12 کھلے مقامات پر مویشی منڈیاں لگیں گی۔ بیوپاریوں اور خریداروں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔ اشفاق خان کا کہنا تھا کہ بیوپاریوں اورخریداروں کو نوسربازوں اور جیب کتروں سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔
کمشنر آصف بلال لودھی کی زیر صدارت قربانی کے جانوروں کی منڈیوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی سی لاہور دانش افضال، سی او ایم سی ایل سید علی عباس بخاری، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی راو اسلم، ایم ڈی شاہ پور کانجراں ریحان علی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ منڈیوں میں انسداد کورونا اقدامات پر مکمل عملدرآمد کرائیں گے، تمام منڈیوں کے داخلی راستوں پر افراد کا ٹمپریچر چیک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال زیادہ منڈیوں کے قیام کا مقصد ایک منڈی میں تعداد سے زیادہ افراد کے ارتکازکو روکنا ہے، ہر منڈی کی گنجائش کے مطابق جانوروں کی تعداد مقرر کریں گے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ ہر منڈی میں محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ صحت کے خصوصی کیمپ قائم کئے جائیں گے، تمام اے سیز منڈیوں میں انتظامات کی کوالٹی اور دستیابی کی تصدیق کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کے عید صفائی آپریشن میں تمام محکمے ٹیم کے طور پر کام کرینگے، شہر میں غیر قانونی منڈی یا سیل مرکز کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنر دانش افضال کی ہدایات پر منڈیوں میں انتظامی امور کا جائزہ لینے اور مکمل کرنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کے دورے بھی جاری ہیں۔ اے سی ماڈل ٹاؤن ذیشان رانجھا نے نشتر ٹاؤن کاچھا مویشی منڈی کا دورہ کیا۔ اے سی سٹی تبریز مری نے شاہ پور اور خان پور مویشی منڈیوں کے دورے کیے اور انتظامات کو آج مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔