تاجروں نے پاک افغان ٹریڈ کی بحالی کو خوش آئند قرار دے دیا

تاجروں نے پاک افغان ٹریڈ کی بحالی کو خوش آئند قرار دے دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( حسن علی ) حکومت کی جانب پاک افغان ٹریڈ کی واہگہ کے راستے دوبارہ بحالی کو شہر کے تاجروں اور صنعتکاروں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ افغان ٹرانزٹ کی آڑ میں ہونے والی سمگلنگ کو روکنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے آغاز پر حکومت کی جانب سے پڑوسی ممالک کے ساتھ باڈرز کو بند کردیا گیا تھا جس میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ بھی شامل تھی تاہم حکومت نے معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے بدھ سے واہگہ کے راستے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی بحالی کا اعلان کر دیا۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی بحالی کو شہر کی تاجر برادری اور صنعتکاروں نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

 لاہور ایوان صنعت و تجارت کے صدر عرفان اقبال شیخ کہتے ہیں کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو واہگہ کے راستے بحال کرنے سے جہاں معاشی سرگرمیاں بحال ہونگی وہیں ملک میں زر مبادلہ بھی آئے گا۔

سارک چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبر خواجہ شاہ زیب اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینا ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی واہگہ کے راستے بحالی احسن اقدام ہے تاہم اس آڑ میں ہونے والی سمگلنگ کو روکنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پاکستان نے تمام دوطرفہ تجارت اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو تمام سرحدی راہداریوں سے اسی طرح بحال کر دیا ہے جو کورونا کی وبا پھیلنے سے قبل تھی۔