(سٹی 42) پاکستان کی معروف اداکارہ و کمپیئر عائشہ ثناء پر نئی مصیبت آن پڑی، تاجر محمد علی معین نے تھانہ سرائے عالمگیر گجرات میں اداکارہ کیخلاف مقدمہ درج کروادیا۔
ذرائع کے مطابق کے رئیل اسٹیٹ بزنس سے وابستہ میاں محمد علی معین نے 20 لاکھ روپے کا بوگس چیک دینے پر پاکستان کی معروف اداکارہ عائشہ ثناء کیخلاف تھانہ سرائے عالمگیر گجرات میں مقدمہ درج کروادیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 27 مئی کو رئیل اسٹیٹ بزنس سے وابستہ میاں محمد علی معین نے لاہور کے تھانہ ڈیفنس بی میں بھی ادکارہ اور کمپیئر عائشہ ثناء کےخلاف مقدمہ درج کرایا تھا، جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ اداکارہ نے ان سے 20 لاکھ روپے ادھار لیے تھے، ادھار رقم لے کرعائشہ ثناء نے جو چیک دیا وہ کیش نہیں ہوا، ملزمہ عائشہ ثناء مقدمہ درج ہونے کے بعد روپوش ہو گئیں اور پولیس کے سامنے پیش نہ ہوئیں، جس کے بعد 21 جون کو لاہور کی مقامی عدالت نے بوگس چیک کے معاملے پر اداکارہ و کمپیئر عائشہ ثناء کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے تھے۔
ذرائع کے مطابق اداکارہ عائشہ ثناء کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا، عائشہ ثناء خاموشی سے بیرون ملک جاچکی ہے،جس پر علی معین نے انٹرپول سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہےجبکہ دوسری طرف علی معین نے عائشہ ثناء کو اشتہاری قرار دلانے کے لئے بھی کوششیں شروع کردی ہیں اور اس سلسلہ میں فیصلہ بہت جلد سامنے آجائے گا۔
یاد رہے کہ اداکارہ عائشہ ثناء 19 ستمبر1972ء کو لاہور میں پیدا ہوئیں، عائشہ ثناء نے اپنے فنی کریئر کا آغاز ٹی وی سے کیا اور خوب شہرت پائی،اداکارہ نے ڈراموں میں اداکاری کیساتھ ساتھ کمپیئرنگ میں بھی نام کمایا ، عائشہ ثناء پی ٹی وی کے مارننگ شو میں میزبانی کے فرائض بھی انجام دیتی رہی ہیں ۔