(سٹی 42) سیاسی مصلحت، پولیس کی رکاوٹیں یا کچھ اور؟ نوازشریف لندن اورعرب امارات سے ہوتے لاہور پہنچ گئے مگر میاں شہبازشریف کی ریلی اندرون شہر سے ائیر پورٹ تک نہ پہنچ سکی۔ حبیب جالب کی نظمیں پڑھنے والے شہباز شریف اپنے بھائی کے استقبال کیلئے منیر نیازی کی نظم پرعمل کر گئے۔
ترقیاتی کاموں میں دن رات ایک کر کے تیز رفتاری دکھانے والے شہباز شریف اپنے بڑے بھائی کے استقبال میں سست رفتار کیسے ہوگئے؟ ملک میں نئی بحث چھڑ گئی، میاں نواز شریف لندن سے چلے، متحدہ عرب امارات پہنچے اور پھر وہاں سے لاہور پہنچ گئے مگر میاں شہباز شریف کا قافلہ کچھوے کی چال ایسے چلاکہ لوہاری سے ایئرپورٹ تک نہ پہنچ سکا۔
یہ سیاسی مصلحت تھی؟ پولیس کی رکاوٹیں یاکچھ اور؟؟ میاں شہبازشریف حبیب جالب کی نظم"ایسے دستور کو، صبح بے نور کو، میں نہیں مانتا"تو اکثر پڑھتے ہیں، مگر کل شہباز شریف کی سست رفتاری نے منیر نیازی کی نظم "ہمیشہ دیر کردیتا ہوں میں " یاد کرا دی۔
واضح رہے کہ کل شہباز شریف کی ریلی ابھی مال روڈ پر ہی تھی کہ نواز شریف اور مریم نواز کو دوسرے جہاز میں بٹھا کر اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔