پنجاب حکومت کی جانب سے پریس کلبز میں خصوصی گرانٹ تقسیم

پنجاب حکومت کی جانب سے پریس کلبز میں خصوصی گرانٹ تقسیم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42 :  پنجاب حکومت کی جانب سے  تاریخ میں پہلی بار پنجاب بھر کے 44 پریس کلبز میں 9 کروڑ 45 لاکھ روپے کی خطیر اسپیشل گرانٹ تقسیم کر دی گئی۔

 ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور، ساہیوال پریس کلب کے صدور کو چیک تقسیم کئے گئے۔ جھنگ،خانیوال و دیگر اضلاع ،تحصیل پریس کلب کے صدور کو بھی چیک دئیے گئے ہیں۔۔

 وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر کا پریس کلبز میں چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کیا۔

 وزیراعلیٰ محسن نقوی کا چیک تقسیم کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  ہم آئے تو چند ماہ کے لئے لیکن تقریباً ایک سال گزر گیا، ہماری پوری کوشش ہے کہ پروفیشنل صحافیوں کیلئے کچھ ضرور کرکے جائیں۔ یہ خصوصی گرانٹ ہے جو ہم نے پریس کلب کو دی ہے۔

 لاہور پریس کلب کو پہلے بھی سپورٹ کیا آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ پہلی بار چھوٹے پریس کلب کو یہ گرانٹ دی گئی ہے۔ خواہش ہے پریس کلب کی گرانٹ سالانہ گرانٹ میں تبدیل ہو جائے۔

 صحافت ذمہ داری اور دیانت داری کا نام ہے۔ صحافی کی حیثیت سے سمجھتا ہوں کہ ہم پر بہت ذمہ داریاں ہی۔ صحافی بھی ہوں اور اب وزیر اعلیٰ بھی۔ جب یہاں آ کر دیکھا تو احساس ہوا ہم بہت جگہ پر غلط کر جاتے ہیں۔ اس منصب سے ہٹ کر شیئر کروں گا کہ ہم کہاں پر غلطیاں کرتے ہیں۔ صحافیوں کی اکثریت ذمہ دار اور فرض شناس ہے۔ فخر ہے میرا تعلق ملک کیلئے خدمات دینے والی صحافی برادری سے ہے۔ جب عہدے کا چارج سنبھالا تو بہت سارے لوگوں نے تنقید کی، کہا گیا یہ صحافی ہے یہ کیا کرسکتا ہے۔ میری پوری ٹیم نے محنت کی اور ڈلیور کرنے کی پوری کوشش کی، مجھے بہترین ٹیم ملی، اکیلا ہوتا تو میں کچھ بھی نہیں کر سکتا تھا۔ پوری ٹیم نے کوشش کی اورکچھ رزلٹ بھی دیا۔

 اُن کا مزید کہنا تھا کہ اخبارات کی ایک اپنی مارکیٹ تھی جو کم ہوئی۔ یہ حقیقت ہے ہم آنکھیں نہیں بند کرسکتے۔ ہم میں سے کوئی کہے کہ نہیں تو یہ غلط ہوگا۔ صحافی برادری نے خود کو مستقبل کیلئے تیار کرنا ہے۔ جو وقت کے ساتھ نہیں چلتا، وقت اس کو پیچھے چھوڑ دیتا ہے۔  صحافی برادری کو فوکس کرنا ہے کہ ہمیں ڈیجیٹل میڈیا کیلئے کیسے کام کرنا ہے۔ صحافیوں نے یہ ہنر سیکھ لیا تو آئندہ آنے والے مستقبل میں بہت فائدہ دے گا۔ صحافیوں کو ڈیجیٹل میڈیا میں مہارت حاصل کرنا ہوگی۔ غلطیوں کی تصحیح کرکے ہی درست سمت میں سفر ممکن ہے۔ بطور صحافی کسی کی عزت نفس کو مجروح نہیں کر نی چاہیے۔ پریس کلبز کو گرانٹ سے ڈیجیٹل میڈیا ٹریننگ، سٹوڈیو کا اہتمام کرناچاہیے۔

 اُن کا خطاب کرتے ہوئے کہنا  تھا  کہ علاقائی پریس کلبوں میں بھی وی لاگ ،ٹاک شو وغیرہ  کیلئے سٹوڈیو قائم ہونے چاہئیں۔ سرکاری گرانٹ کا صحیح استعمال سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا ٹریننگ ہے۔ بہت سے صحافتی امور میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ آج نہیں تو کل ہمیں جدید دور کے اطوار اپنانے ہوں گے۔

 تقریب  کے دوران مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ پریس کلب آزادی صحافت کا اہم ستون ہیں۔ صحافی معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پریس کلب کیلئے 9 کروڑ 45 لاکھ روپے کی خطیر گرانٹ منظور کردی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ہمیشہ عوامی ضروریات کا خیال رکھا ہے۔ عوامی خدمت میں وہ ہر وقت مصروف عمل رہتے ہیں۔ 

 اُن کا مزید کہنا تھا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات پر وزارت اطلاعات اور حکومت پاکستان کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

 دوسری جانب عامر میر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے صحافی برادری کی فلاح و بہبود کا ہمیشہ خیال رکھا ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈویژن، ڈسٹرکٹ اور تحصیل سطح پر قائم پریس کلبوں کو اسپیشل گرانٹ دی گئی۔ اسپیشل گرانٹ سے پریس کلبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے گا، ہمارا مقصد صحافت کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔