(حافظ شہباز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایم سی سی کرکٹ ٹیم کا مقابلہ کرنے کیلئے حکمت عملی بنالی، دو صوبائی اور پاکستان الیون کی ٹیمیں ایم سی سی کامقابلہ کریں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایم سی سی کیخلاف نوجوان کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا، ایم سی سی کیخلاف دو میچز صوبائی ٹیمیں جبکہ ایک میچ پاکستان الیون کی ٹیم کھیلے گی۔
ایم سی سی کیخلاف ٹی20میچ قومی ٹی 20 چیمپئن ناردرن کی ٹیم جبکہ قائداعظم ٹرافی چیمپئن سنٹرل پنجاب کی ٹیم 16 فروری کو ون ڈے میچ کھیلے گی، تیسرا میچ پاکستان الیون کی ٹیم کھیلے گی جس میں حالیہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا۔
ایم سی سی کا مقابلہ کرنے کے لیے ناردرن اور سنٹرل پنجاب کی ٹیموں کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا جبکہ پاکستان الیون کا انتخاب قومی سلیکشن کمیٹی کرے گی، ایم سی سی کی ٹیم دورہ پاکستان پر 14 اور 15 فروری کی درمیانی رات لاہور پہنچے گی اور سیریز کے تینوں میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔