(سعید احمد ) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ بچےہمارے معاشرے کی اکائی اورمستقبل ہیں۔ حکومت بچوں کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروکار لائے گی۔ بچوں کے خلاف جنسی جرائم پر قابو پانے کے لیے ڈی این اے ایکٹ بنایا جائے گا، زینب قوم کی بیٹی تھی، اس کے قاتلکیلئے زمین تنگ کر دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سول سیکرٹریٹ میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ کی زیر صدارت بچوں کے تحفظ کے لیے 20 رکنی اعلیٰ سطح کے اجلاس میں جنسی جرائم کنٹرول کرنے کیلئےڈی این اے ایکٹ، بچوں سے متعلق موجودہ قوانین اور مستقبل میں سانحہ قصور جیسے واقعات سے بچنے کے لیے مختلف تجاویز پر غوروخوض کیا گیا۔ اس موقع پر ایسی سفارشات مرتب کرنے پر زور دیا گیا جن سے معاشرے میں بچوں کے خلاف جرائم بارے شعور اجاگر، بچوں کے تعلیمی نصاب میں مثبت تبدیلی اور قانون سازی کو مزید موثر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بارے موجوہ قوانین میں ترمیم کی جائیں گی۔ ضرورت پڑنے پر نئے قوانین بھی بنائے جائیں گے۔ ڈی این ای ایکٹ کے تحت مفصل ڈی این اے ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔ اس حوالے سے تمام تر سفارشات وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائیں گی۔