علی رامے : پاکستان سپرلیگ 9 کیلئے لاہور، راولپنڈی، ملتان میں میچوں کیلئے سکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچز کے دوران 16 ہزار سے زائد نفری سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گی۔ پی ایس ایل سکیورٹی پرلاہور میں 13 ایس پیز، 36 ڈی ایس پیز،81انسپکٹرز/ایس ایچ اوز تعینات ہوں گے۔
سکیورٹی کے دوران 617 اپر سب آرڈینیٹس اور 103لیڈی اہلکار بھی ڈیوٹی فرائض انجام دیں گی جبکہ ایلیٹ فورس کی 27، ڈولفن سکواڈ کی 60 اور پولیس ریسپانس یونٹ کی 52 ٹیمیں پٹرولنگ کریں گی۔
دوسری جانب پی ایس ایل 9 کی فول پروف سکیورٹی اور شائقین کیلئے نئے شاندار انتظامات کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پاکستان سپر لیگ9 کیلئے انتظامات اور سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی کا ہدایت دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ایس ایل 9 کے میچوں کا آغاز 17 فروری سے ہو رہا ہے۔ تمام تر انتظامات کو خوب سے خوب تر ہونا چاہیے۔ ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے موثر مینجمنٹ کی جائے، ٹریفک کی بندش کا دورانیہ کم سے کم ہونا چاہیے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہریوں کو میڈیا کے ذریعے متبادل روٹس سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔ متعلقہ ادارے، محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض سرانجام دیں. جتنا بڑا ایونٹ ہے اس لحاظ سے انتظامات ہونے چاہیے۔ شائقین کرکٹ کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سی سی پی او،کمشنر، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی آپریشنز، سی ٹی او نے شرکت کی۔